برائے مہربانی سمندری مخلوق ایل کو ویڈیو کال کریں!!

May 04, 2020

برائے مہربانی سمندری ایل کو ویڈیو کال کریں!!

کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث دنیا کے مختلف ممالک لاک ڈاؤن میں ہیں جس کے بعد لوگ گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

لاک ڈاؤن کی اسی صورتحال کے پیش نظر ہر قسم کے تفریحی مقامات بھی بند ہیں اور ایسے میں جاپان کے Sumida ایکوئریم کی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کے مچھلی گھر میں رکھے جانور اور بالخصوص ایل سے ویڈیو چیٹ کریں کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ حساس جاندار انسانوں کو بھولتے جارہے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ایل نامی خوبصورت سمندری جانور جب ریت سے سرنکالتے تھے تو سامنے انسانوں کو پاتے تھے اور پھر انسانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا کرتی تھیں لیکن اب مچھلی گھر لوگوں سے خالی ہے اور وہ دھیرے دھیرے انسانوں کو بھولتی جارہی ہیں اور اب یہ حال ہے کہ ایل انتظامیہ کو دیکھتے ہی اپنا سر مٹی میں چھپالیتی ہیں۔

اسی بنا پر ایکوئریم انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی تاکہ لوگ ویڈیو کال کرکے پیار بھرے لہجے میں ان سے بات کریں یا انہیں دیکھتے رہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اس وقت ایکوئریم میں 300 سے زائد ایل موجود ہیں اور ان کے لیے پانچ بڑے ٹیبلٹ لے کر ان کی اسکرین کا رخ ایل کے ٹینکوں کی جانب کردیا گیا ہے جبکہ یہ مہم 5 مئی تک جاری رکھے گی۔