چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے 30 ارب روپے سبسڈی کا اعلان

May 06, 2020

وزارت خزانہ نے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے 30 ارب روپے سبسڈی کا اعلان کر دیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق سبسڈی ایس ایم ایز کو بینکوں کے ذریعے قرضے کی صورت میں ادا کی جائے گی۔

ملازمین کی تنخواہوں اور روزگار سے نہ نکالنے کے لیے رعایتی قرضے دیں گے۔

اقدام کا مقصد پرائیویٹ بینکوں کے ساتھ رسک شیئرنگ کرنا ہے، وفاقی حکومت بینکوں کے اصل قرض کا 40 فیصد نقصان خود برداشت کرے گی جبکہ اسٹیٹ بینک اسکیم کی مانیٹرنگ کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ اسکیم کورونا وائرس سے بے روزگاری روکنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، ری فنانسنگ اسکیم سے سالانہ 2 ارب سیلز ٹرن اوور رکھنے والے ادارے فائدہ اٹھاسکیں گے جبکہ اسکیم کے تحت تین مہینوں کی تنخواہوں کی ری فنانسنگ حاصل کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کی جانب سے سبسڈی کی فوری منظوری کے سبب اسٹیٹ بینک کریڈٹ رسک شیئرنگ کی سہولت بھی شروع کر رہا ہے۔