نمرہ خان نے ایک بار پھر اپنا خوفناک ماضی یاد کرلیا

May 08, 2020

معروف پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے ماضی میں ہونے والے کار حادثے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنا خوفناک ماضی یاد کرلیا۔

گزشتہ روز پاکستان کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماضی میں ہونے والے کار حادثے کی تصاویر شیئر کیں جن میں ایک تصویر میں اداکارہ ویل چیئر پر بیٹھی ہیں جبکہ دوسری تصویر اُن کی تباہ شدہ گاڑی کی ہے۔


انسٹاگرام پر اِن تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے نمرہ خان نے لکھا کہ ’اگر میں آپ کو 5 سال پیچھے لے جاؤں تو میں ابھی بھی یہ بیان کرنے میں ناکام ہوں کہ عورت کون ہے اور مرد کون ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’نہ مرد ، نہ عورت، صرف ایک روح ہوتی ہے جو آپ کو شفا بخشنے، آگے بڑھنے اور مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ کی مثبت سوچ اور آپ کا اپنا عزم ہی آپ کو زندگی کی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔‘

نمرہ خان نے لکھا کہ ’آپ کون ہیں؟ آپ کیا بن گئے ہیں؟ اور آپ کیا بننے کی کوشش کر رہے ہیں؟ اِس کے لیے آپ خود ہی اپنے آپ کو متاثر کرتے رہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’زندگی کے ہر ایک قدم سے سبق حاصل کریں۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’جو آج آسان نہیں ہے وہ کل آسان ہوسکتا ہے۔‘

نمرہ خان کی اِس پوسٹ پر پاکستان کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھےتمہاری زندگی کا وہ خوفناک وقت یاد ہے، خد ا کا شُکر ہے کہ تُم محفوظ رہیں۔‘

یاد رہے کہ نمرہ خان 2014 میں کار حادثے کا شکار ہوئی تھیں جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں اور ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی حالت تشویش ناک ہے لیکن ہمت اور حوصلے سے اداکارہ خود کو صحتیاب کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔

دوسری جانب نمرہ خان نے گزشتہ ماہ لاک ڈاؤن کے دوران نکاح کرلیا، اُن کے شوہر راجا افتخاراعظم لندن میں ایک پولیس آفیسر ہیں۔


اِس موقع پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ اُن کا شادی کے بعد شوبز سے کنارہ کشی کا ارادہ نہیں ہے تاہم وہ بھی لندن ہی منتقل ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔