موسم گرما میں ان 5 اقدامات سے خود کو فٹ رکھیں

May 12, 2020

دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی موسم گرما کا آغاز ہوگیا ہے اور ایسے میں ماہرین کہتے ہیں کہ گرمی کی شدت سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں اپنی غذا اور طرزِ زندگی میں کچھ تبدیلیاں لانی چاہیے تاکہ ہم موسم گرما میں صحت مند رہ سکیں۔

موسم گرما میں ہمارے جسم کا سب سے بنیادی مسئلہ پانی کی کمی ہے کیونکہ پسینہ بہنے کی وجہ سے ہمارے جسم میں موجود پانی کی مقدار کم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہماری جِلد اور بالوں کی نشونما پر بھی اِس کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اِس موسم گرما آپ کو اپنی صحت سے متعلق پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ 5 اقدامات ایسے ہیں جن کو کرنے سے آپ گرمی میں خود کو فٹ رکھ سکتے ہیں۔

موسم گرما میں خود کو فٹ رکھنے والے اقدامات:

زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال:

ہمارے جسم کو بہتر طریقے سے کام کرنے کے لیے زیادہ مقدار میں پانی درکار ہوتا ہے اور گرمیوں کے موسم میں تو پانی ہمارے جسم کی سب سے اہم اور بنیادی ضرورت ہوتی ہے، اِسی لیے ماہرین کہتے ہیں کہ گرمیوں میں ہر وقت اپنے ساتھ پانی کی بوتل رکھیں تاکہ ہمارا جسم ہائیڈریٹ رہے۔

اِس کے علاوہ ہم ’ڈٹاکس ڈرنک‘ بھی استعمال کرسکتے ہیں، جس میں ہم ٹھنڈا پانی لے کر اُس میں پودینے کے پتے، کھیرے، لیموں اور اپنی پسند کے پھل یا سبزیاں شامل کر سکتے ہیں۔

پھلوں کا استعمال:

موسم گرما اپنے ساتھ بہت سے مزیدار پھل لے کر آتا ہے جو ناصر ف ذائقہ دار ہوتے ہیں بلکہ غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں، اِن میں زیادہ تر پھلوں میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہمارے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

لہٰذا اگر آپ موسم گرما میں خود کو فٹ رکھنا چاہتے ہیں تو تربوز، خربوزہ ، آم، آڑو اور چیکو سمیت اپنی پسند کے پھل ایک کٹورے میں کاٹیں اور مزے سے کھائیں۔

مشروبات کا استعمال:

اگر آپ پھل کھانا پسند نہیں کرتے اور پھر بھی اُن پھلوں کی غذائی اجزاء سے مفید ہونا چاہتے ہیں تو اِس کے لیے ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی پسند کے پھلوں کا تازہ جوس نکال کر پی لیں، اِس طرح آپ فٹ بھی رہیں گے اور بہت سے فوائد بھی حاصل کرلیں گے۔

بار بار اپنے بالوں کو دھوئیں:

موسم گرما میں ہمارے سر کی جلد پر نمی پیدا ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ہمارے بالوں کو بہت سے بڑے نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے لہٰذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بال ہلکے نہ ہوں اور نہ ہی آپ کو بالوں کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے تو آپ گرمیوں کے موسم میں کثرت سے اپنے بالوں کو اچھی طرح دھوئیں تاکہ آپ کے بال جراثیم سے پاک رہ سکیں۔

جِلد کی حفاظت کریں:

موسم گرما میں آگ برسانے والا سورج ہماری جِلد کو بہت نقصان پہنچاتا ہے، ہماری جِلد ناصرف سیاہ ہوجاتی ہے بلکہ ہمیں ایکنی جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایسے میں اگر آپ باقاعدگی سے بار بار اپناچہرہ دھوئیں، اسکرب کریں اور کلینزنگ کریں تو آپ کی جِلد اِن مسائل سے بچ سکتی ہے اور اِس کے ساتھ ہی غذائیت سے بھرپور خوراک بھی لیں۔