لاہور: مارکیٹوں میں کورونا سے متعلق ضوابط کی شدید خلاف ورزی

May 13, 2020

لاہور: مارکیٹوں میں کورونا سے متعلق ضوابط کی شدید خلاف ورزی

لاہور کی مارکیٹوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کی شدید خلاف ورزی پر حکومتی حلقوں نے سر پکڑ لیا ہے۔

اعلیٰ حکام نے مختلف مارکیٹوں کو دوبارہ بند کرنے پر غور شروع کردیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سے اظہار برہمی کیا، وہ گزشتہ روز تاجروں کے وفد سے ملاقات میں بھی سخت ناراض ہوئے تھے۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث لاہور کی چھوٹی بڑی مارکیٹیں کھل گئی ہیں اور کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ہال روڑ، شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی اور اعظم مارکیٹ کو فوری طور پر بند کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اچھرہ بازار، ٹاؤن شپ بازار سمیت دیگر مقامات پر کوئی حفاظتی اقدامات نظر نہیں آرہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پہلے دکانوں کا چالان ہوگا، پھر دکانیں بند کی جائیں گی۔

دوسری طرف صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے انار کلی بازار کا دورہ کیا اور ایس او اپیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری نے ایس او پیز پر عمل درآمد کا وعدہ کیا تھا لیکن مارکیٹوں میں صورتحال اس کے برعکس نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی طے ہوا تھا کہ مارکیٹوں میں بچوں کے داخلے پر ممانعت ہو گی لیکن بچوں کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے، دکانداروں کے علاوہ خریدار بھی ماسک کے بغیر ہیں جو خطرناک ہے۔

میاں اسلم اقبال نے یہ بھی کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر اوقات کار میں کمی اور مارکیٹوں کو بند بھی کیا جا سکتا ہے، اس حوالے سے جلد فیصلہ کر لیں گے۔