• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ضوابط توڑنے پر کئی شاپنگ سینٹر سیل

کراچی میں ضوابط توڑنے پر کئی شاپنگ سینٹر سیل


کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضوابط توڑنے پر کئی شاپنگ سینٹر سیل کردیئے گئے، لاک ڈاؤن میں نرمی کے تیسرے روز تاجروں اور خریداروں کی جانب سے حفاظتی پابندیوں کی خلاف ورزی پر پولیس نے ایکشن لیا۔

صدر میں واقع زینب مارکیٹ اور مدینہ مال میں دکانیں بند کروادی گئیں۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ، انٹرنیشنل مارکیٹ، گل پلازہ، ارحم شاپنگ سینٹر سیل کر دیئے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر گارڈن اسماء بتول کے مطابق دکانداروں نے نہ سینیٹائزر رکھے، اور نہ ہی ماسک اور گلووز پہنے تھے۔

پولیس نے ایس اوپیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر یونیورسٹی روڈ پر تمام دکانیں بھی بند کرا دیں۔

کراچی کے علاقے صدر میں واقع کپڑوں کے بازار اور مالز کو حکومتی ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے سیل کردیا۔ اس موقع پر دکانداروں نے سڑک بلاک کردی اور میڈیا نمائندگان سے بھی بد تمیزی کی۔

کراچی میں دکانیں اور کاروبار کھلے تین دن گزر گئے تاہم ان تینوں دنوں میں حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی ایس او پیز کی مکمل طور پر خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر صدر نے صدر میں واقع زینب مارکیٹ، سٹی سینٹر، وکٹوریہ شاپنگ مال، انٹرنیشنل شاپنگ سینٹر، مدینہ سٹی مال اورگل پلازہ سیل کردیئے۔

اس موقع پر دکانداروں نے کوریج کرنے والی جیو نیوز کی ٹیم سے بدتمیزی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

موقع پر پہنچنے والے تاجر رہنما عتیق میر نے اسسٹنٹ کمشنر سے مذاکرات بھی کئے۔

عتیق میر کا کہنا تھا کہ کاروبار کھلوانے کے لئے بہت اقدامات کئے تھے۔

دوسری جانب یونیورسٹی روڈ پرواقع نجی شاپنگ مال کو ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے سیل کردیا۔

تازہ ترین