چکنی جلد کیلئے 5 بہترین ماسک

May 15, 2020

چکنی جلد ہمیشہ اضافی دیکھ بھال مانگتی ہے، گرمیوں کے آتے ہی اس کے مسائل بھی بڑھ جاتے ہیں، ان گرمیوں میں اپنی جلد کو صحت مند، خوبصورت بنانے اور اضافی چکناہٹ سے بچانے کے لیے گھریلو آسان ترین فیس ماسک آزمائیں ۔

ماہر جلدی امراض کے مطابق چکنی جلد، خشک جلد کے مقابلے میں زیادہ اچھی ثابت ہوتی ہے کیوں کہ ایسے افراد کے چہرے پر جھریاں بہت دیر بعد آتی ہیں جبکہ خشک جلد رکھنے والے افراد عمر سے پہلے ہی بوڑھے نظر آنے لگتے ہیں۔

چکنی جلد کے حامل افراد کو کیل ، مہاسوں ، جھائیوں جیسی شکایت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر دیکھ بھال کی جائے تو اس سے جڑے مسائل سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے اور جلد پر تیل کی مقدار بھی متوازن بنائی جا سکتی ہے۔

چکنی جلد کی حفاظت اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے مندرجہ ذیل آسان ترین گھریلو ماسک بنا کر ان گرمیوں میں اضافی چکناہٹ اور کیل مہاسوں سے بچا جا سکتا ہے ۔

پپیتے کے ماسک کا استعمال

پپیتا جلد کی صحت کے لیے آئیڈیل سمجھا جاتا ہے، یہ پھل جلد کو قدرتی گورا پن دیتا ہے، پپیتے میں ’ ایکسفولی ایٹر ‘ جز پائے جانے کے سبب جلد سے مردہ خلیات کا صفایا ہوتا ہے اور جلد نکھری نکھری جوان نظر آتی ہے، چکنی جلد کے لیے پپیتا بہترین پھل، اس کے ماسک کے استعمال سے جلد پر پڑنے والی سورج کی شعاؤں کے مضر اثرات بھی ختم ہوتے ہیں۔

طریقہ استعمال

پپیتے کے بیج صاف کر کے اسے پیس لیں اور براہ راست چہرے اور گردن پر لگالیں ، 15 سے 20 منٹ لگا رہنے دیں، بہتر نتائج کے لیے اس میں چند قطرے لیموں بھی شامل کر لیں۔

کینو کے چھلکے

کینو کے چھلکوں میں وٹامن سی پائے جانے کے سبب آئلی اسکن کے لیے یہ بہترین ثابت ہوتا ہے ، جلد کو قدرتی طور پر نکھارتا ہے ، ایکنی سے بننے والے داغوں کاخاتمہ کرتا ہے، کھلے مساموں کو بند کرتا ہے، بلیک ہیڈز بننے کے عمل کو روکتا ہے اور جلد کے پی ایچ لیول کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا۔

طریقہ استعمال

کینو پر ایک ٹکٹ پر دو مزے جیسی مثال صحیح ثابت ہوتی ہے، کینو کھاتے وقت چھلکوں کو پھینکنے کے بجائے انہیں سکھالیں ، سکھانے کے بعد انہیں پیس کر پاؤڈر بنا لیں اور ایئر ٹائٹ جار میں سال بھر کے لیے مححفوظ کر لیں، اب اس پاؤڈر کو دہی ، دودھ یا یا عرق گلاب میں مکس کر کے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

جلد کی چکناہٹ دور کرنے کے لیے ٹماٹر کا استعمال

ٹماٹر میں قدرتی طور پر اسپرین پائی جاتی ہے جو ایکنی کی شکایت میں نہایت موزوں ہے، ٹماٹر میں وٹامن سی اور اے بھی بھاری مقدار میں پائے جاتے ہیں، ٹماٹر کے چند دنوں کے استعمال سے رنگ گورا اور ضدی داغ دھبے صاف ہو جاتے ہیں ، ٹماٹر میں قدرتی طور پر ایسیڈک ایسڈ پایا جاتا ہے جس سے جلد سے اضافی چکنائی ختم ہو جاتی ہے اور جلد متوازن طور پر مواسچرائز رہتی ہے ۔

طریقہ استعمال

ٹماٹر کو کاٹ کر یا تو براہ راست اس سے اپنے چہرے اورگردن پر مساج کریں یا پھر آدھا ٹماٹر کاٹ کر اسے میش کر کے چہرے اور گردن پر لگائیں اور 15 منٹ بعد دھولیں، اچھے نتائج کے لیے اس میں ایلوویرا یا لیموں بھی ملایا جا سکتا ہے ۔

کیلے کا استعمال

کیلے کے استعمال سے اسکن سے اضافی چکناہٹ سمیت مساموں میں جمی گردوغبار کا بھی صفایا ہوتا ہے، اس سے اسکن صاف، گوری اور جوان نظر آتی ہے ۔

طریقہ استعمال

رات سونے سے پہلے کیلے کے چھلکوں سے اپنے چہرے اور گردن پر مساج کریں اور سو جائیں ، نیند سے بیدار ہونے کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں ، جِلد نہات نرم ملائم اور صاف ہو جائے گی، کیلے کا گودا میش کر کے اس میں چند قطرے شہد ملا کر بھی چہرے پر لگایا جا سکتا ہے ۔

انڈےکا استعمال

پروٹین حاصل کرنے کے لیے انڈہ بہترین آپشن ہے ، انڈے کی مدد سے ایکنی سے خراب، پھٹی اور سوجی ہوئی جلد اور اس پر بنے زخموں کو بھرنے میں مدد ملتی ہے اور ایکنی کا خاتمہ ہوتا ہے، انڈے کے استعمال سے چہرے پر عمر کے اثرات آنے کے عمل میں بھی کمی آتی ہے جبکہ جلد ہائیڈریٹ رہتی ہے ۔

طریقہ استعمال

انڈے کی سفیدی میں شہد اور لیموں کا رس ملا لیں، اب اسے اپنے صاف دھلے ہوئے چہرے پر لگائیں، خشک ہونے پر دھولیں ، شہد میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائے جانے کے سبب ایکنی بننے والے بیکٹیریاز کا خاتمہ ہوتا ہے ، لیموں اسکن سے داغ دھبے مٹا کر اسے گورا بناتا ہے، یہ ماسک آئلی اسکن والوں کے لیے گرمیوں میں ایک تحفہ سمجھا جاتا ہے ۔

بہترین نتائج کے لیے روزانہ استعمال کریں ۔