ملتان، فیصل آباد، سانگھڑ میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں

May 17, 2020

پنجاب کے اضلاع ملتان، فیصل آباد اور سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں، جن کے دوران گوداموں سے ہزاروں من گندم، چینی اور بڑی تعداد میں گھی کے ڈبے برآمد کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے ضلع ملتان میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ملتان کی تحصیل جلال پور کی بستی نائی والا میں کریک ڈاؤن کیا گیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ ملتان نے بتایا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران ذخیرہ کی گئی 5 ہزار من گندم کی بوریاں برآمد کر لی گئیں جبکہ گودام کا مالک فرار ہو گیا۔

کمشنر فیصل آباد سٹی ایوب بخاری کے مطابق فیصل آباد کے علاقے کوکیانوالہ میں واقع گودام پر چھاپہ مارکر چینی کےایک ہزار تھیلے اور گھی کے 700 ڈبے برآمد کیے گئے ہیں جبکہ گودام کو سیل کر دیا گیا ہے۔

سندھ کے ضلع سانگھڑ کے علاقے شاہ پور چاکر میں محکمۂ خوراک نے کارروائی کے دوران گندم کی غیرقانونی ذخیرہ کی گئی 4 ہزار سے زائد بوریاں برآمد کرلیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سانگھڑ چوہدری منور آرائیں کے مطابق رات گئے شاہ پور چاکر کے علاقے میں گندم کے 5 مختلف گوداموں پر چھاپہ مارکر مجموعی طور پر 100 کلوگرام والی 4 ہزار سے زائد بوریاں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

یہ گندم غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی تھی جسے سرکاری گودام میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمۂ خوراک کے افسران نے عوام سے غیر قانونی ذخیرہ کی گئی گندم کی نشاندہی کرنے کی اپیل کی ہے۔