امریکی تاریخ میں پہلی بار ورچوئل افطار کا انعقاد

May 18, 2020

میئر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر نے کہا ہے کہ وبائی مرض کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر سالانہ افطار ڈنر کو Virtual افطار میں تبدیل کیا۔ ہم نے اس افطار ڈنر کو ملتوی کرنے کے بجائے منظم اور منفرد انداز میں منعقد کر کے ثابت کر دیا کہ کورونا وائرس ہمارے جذبوں اور عزائم کو شکست نہیں دے سکا۔

وہ بائیوسٹی سینٹر ہیوسٹن میں سسٹر سٹیز آف ہیوسٹن اور اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن سمیت دیگر ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے منعقدہ Virtual افطار ڈنر 2020 میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر کمیونٹی رہنما سعید شیخ اور مراد اجانی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔ میئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے سبب سماجی دوری کی ناگزیر ضرورت کے پیش نظر سالانہ افطار ڈنر کا انعقاد ہیوسٹن کراچی سسٹر سمیت دیگر سسٹر سٹیز آف ہیوسٹن اور دیگر تنظیموں کے منظم اشتراک سے Virtual افطار ڈنر کی صورت میں کیا گیا اور اس عظیم الشان تقریب کو ملتوی کرنے کی بجائے ڈرائیو تھرو کے ذریعے لوگوں کو افطار ڈنر کے باکس فراہم کئے گئے۔ انہوں نے اس تقریب کے لیے گراںقدر مالی تعاون اور منظم اہتمام کرنے پر ممتاز آئل ٹائیکون جاوید انور، سعید شیخ اور آغا خان کونسل کے صدر مراد اجانی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق میرٔ لی پی براؤن کے دور سے منعقد ہونے والے اس دو دہائی پرانے عظیم الشان اور بین المذاہب ہم آہنگی کی شناخت کے حامل افطار ڈنر کو نا مساعد حالات کے باوجود منعقد کر کے ہم نے ثابت کر دیا کہ کورونا جیسا وبائی مرض ہمارے جذبوں اور عزائم کو شکست نہیں دے سکتا۔

انہوں نے منظم رضاکار سروس کے تحت سینکڑوں رضاکار فراہم کر نے پر آغاخان کمیونٹی کے صدر مراد اجانی اور پاکستان ایسو سی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کی قیادت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اس افطار ڈنر کا مقصد مذہبی ہم آہنگی اور روا داری کو فروغ دینا بھی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ اس سال 2 ہزار افراد کو افطاری کی سہولت فراہم کی گئی اور آئندہ سال 2400 افراد کے لیے انتظام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں امریکا میں ہیوسٹن جیساکوئی دوسرا شہر نہیں ہے جہاں یہ جذبہ دیکھنے کو ملے اور جہاں اسطرح کی مذہبی ہم آہنگی پائی جاتی ہو اور یہ ہی ہماری طاقت ہے۔

افطار ڈنر کے کلیدی اسپانسر ممتاز آئل ٹائیکون جاوید نے اس موقع پر اپنے ویڈیوپیغام میں افطار ڈنر کو کامیاب بنانے والے منتظمین کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ میں میئرسلوسٹر ٹرنراور منتظم سعید شیخ سمیت دیگر تمام تنظیموں کا مشکور ہوں جنہوں نے اس افطار ڈنر کو نامساعد حالات کے باوجودمنفرد انداز میں منعقد کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے سعید شیخ نے میئر سلوسٹر ٹرنر کی فہم و فراست کی حامل قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میئر اور ان کے دفتر کے حکام کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے ایک منفرد انداز میں افظار ڈنر کا انعقاد ممکن ہوسکا اور ہم نے سالانہ افطار ڈنر کے انعقاد کی روایت کو بر قرار رکھا جس کے لیے ممتاز کمیونٹی رہنما جاوید انور نے بھرپور تعاون کیا۔

افطار ڈنر کے منظم انعقاد میں ممتازآغاخان کمیونٹی رہنما مراد اجانی کی قیادت میں آغاخان کمیونٹی کے سینکڑوں رضاکاروں اور پی اے جی ایچ کے رضا کاروں نے میاں نظیر کی قیادت میں قابل ستائش کردار ادا کیا۔

افطار ڈنرکو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں دیگر کمیٹی ممبران میں کرس اولسن، جیسیکانیگو، ایم جے خان، نصرو روپانی، ہارون شیخ، میاں نذیر، محمود احمد، فرح اقبال، سہیل علی، عمران علی، ڈاکٹرحنا اعظم، ناہید احمد، الیاس چودھری، سعد انصاری، کرسٹل مونتانے، ماریا عثمانی اور عبد الرحمان بادات شامل ہیں۔