اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کا معاملہ، سماعت ملتوی

May 18, 2020

کراچی سندھ ہائیکورٹ میں اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی عدالت نے کہا کہ فیسوں میں کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر یا آرڈیننس کے تحت عمل درآمد کرایا جائے، اس پر سندھ حکومت سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت لینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20مئی تک ملتوی کردی۔

کراچی میںسندھ ہائیکورٹ میں اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کے خلاف درخواست پرسماعت ہوئی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ شبیر شاہ، پرائیوٹ اسکولز کی جانب سے ارشد طیب علی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ دنوں جو آرڈیننس پاس ہوا ہے اس کے تحت تو فیس میں 20 فیصد کمی کرنا پڑے گی ،کیونکہ درخواست گزار نے آرڈیننس کو تو چیلنج نہیں کیا ہے۔

اس پر فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ایک ہی فائدہ اسپیشل آرڈر کے تحت بھی دیا جارہا ہے اور آرڈیننس کے تحت بھی دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26 لاکھ بچوں کو فائدہ ہونا ہے فیس کی کمی سے اسپیشل آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ٹیچرز کو مکمل تنخواہیں دی جائیں جبکہ آرڈیننس میں کہا گیا کہ 50 ہزار سے اوپر والوں کی تنخواہ میں 5 فیصد کمی ادا کی جائے ۔

فیس کی کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر اور آرڈیننس میں کچھ تضاد ہیں، جس پر کمرہ عدالت میں موجود ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف اختیار کیا کہ فیس میں کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر واپس لینے سے متعلق ہدایت کے لئے مہلت درکار ہے۔

انہوں نے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے درخواستوں پر سماعت 20 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔