نیب کا عید پر زیرِحراست ملزمان کو ہائی ٹی دینے کا فیصلہ

May 20, 2020

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے عید الفطر کے موقع پر تمام زیرِحراست ملزمان کے لیے ہائی ٹی کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب کی جانب سے اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیر سگالی کے جذبے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی زیرِحراست ملزمان کے لیے ہائی ٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: رمضان کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہی ہے، شیخ رشید

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر نیب کی حوالات میں زیرِحراست ملزمان کو ہائی ٹی اور گلدستہ پیش کیا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پہلی مرتبہ جوڈیشل ریمانڈ پر کیمپ و کوٹ لکھپت جیل میں موجود نیب ملزمان کو بھی گلدستہ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب لاہور نے اعلامیے میں کہا ہے کہ نیب لاہور گزشتہ سالوں کے دوران اسی نوعیت کی فراخدلی کا عملی مظاہرہ کرتا آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: نیب اختیارات میں کمی کا حکومتی مسودہ تیار

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ماضی میں معروف سیاستدان بھی دورانِ حراست عید کے دنوں میں نیب کی سہولتوں سے مستفید ہوتے رہے ہیں۔

نیب لاہور کا یہ بھی کہنا ہے کہ جذبۂ خیر سگالی کے اقدامات نیب کی انسانی ہمدردی کے ضامن ہیں، تاہم تفتیش و تحقیقات کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔