تیزاب گردی کی تشہیر، بھارتی ٹک ٹاک اسٹار کا اکاؤنٹ معطل

May 21, 2020

بھارتی ٹک ٹاک اسٹار فیضل صدیقی کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ تیزاب گردی کی تشہیر کی وجہ سے معطل کردیا گیا ہے۔

فیضل کی مذکورہ ویڈیو کے گزشتہ کچھ دنوں سے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور یوٹیوب صارفین کی جانب سے فیضل کی تیزاب حملے کی حمایت کرتی ویڈیو پر شدید تنقید کی جارہی تھی اور اکاؤنٹ معطل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

بھارت میں تہلکہ مچانے والی فیضل کی ٹک ٹاک ویڈیو میں وہ لپسنگ اور ناکام عاشق کی اداکاری کرتے ہوئے جنونی ڈائیلاگ بولتے نظر آرہے ہیں۔

ٹک ٹاک ویڈیو میں فیضل اپنی گرل فرینڈ پر غصے کا اظہار کررہے ہیں جو انہیں کسی اور شخص کے لیے چھوڑ کر چلی گئی ہے۔

ویڈیو کے حصے میں کوئی متنازع حرکت نہیں لیکن ڈائیلاگ ختم ہوتے ہی وہ ایک گلاس لڑکی کی طرف اچھالتے ہیں جس کے بعد لڑکی کے چہرے پر جلنے کے نشان دکھائی دیتے ہیں۔

فیضل صدیقی کی اس ویڈیو پر یہ تنقید کی جارہی تھی کہ انہوں نے اپنی اس ویڈیو کے ذریعے خواتین پر تیزاب پھینکنے کے گھناؤنے جرم کی تشہیر کی ہے۔

بھارت کی نیشنل کمیشن فار ویمن کی چیئرپرسن ریکھا شرما نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے ٹک ٹاک سٹار کا اکاؤنٹ معطل کرنے اور ویڈیو کو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹک ٹاک انتظامیہ نے ان کی شکایت کو سنجیدگی سے لیا اور فوری طور پر ڈیلیٹ کردیا۔