آئی سی سی کی بورڈز کو چیف میڈیکل آفیسر کی تقرری کی تجویز

May 23, 2020

دبئی (جنگ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کورونا وائرس کے تناظر میں عالمی سطح پر کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے گائیڈلائنز جاری کردیں۔ آئی سی سی نے کرکٹ بورڈز کو تجویز دی ہے کہ میچز سے قبل 14دن کا آئسولیشن ٹریننگ کیمپ لگایا جائے اور متعلقہ حکومتوں کی ہدایات کے نفاذ کیلئے چیف میڈیکل آفیسر یا بائیو سیفٹی آفیشل کی تقرری کی جائے۔ عالمی تنظیم کی سفارشات کا مقصد میچز سے قبل ٹریننگ کیمپ کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات یقینی بنانا ہے۔ آئسولیشن میں ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کے ٹمپریچر چیک اور کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔ غیرملکی دورے سے قبل قرنطینہ بھی آئی سی سی کی سفارشات میں شامل ہے۔