امریکی گلوکارہ کی جدوجہد، پاکستان کا تنہا ترین ہاتھی آزاد ہوگیا

May 23, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی گلوکارہ کی جدوجہد،پاکستان کا تنہا ترین ہاتھی آزاد ہوگیا ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سری لنکن حکام سے رابطہ کرکے کاوان کیلئے موزوں جگہ تلاش کرنیکا حکم دیدیا، اس ہاتھی کی آزادی کیلئے مہم عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکار چیر (Cherilyn) نے چلائی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 33؍ سال کے اس نر ہاتھی کو سری لنکا سے پاکستان لایا گیا تھا اور گزشتہ چار سال سے اس ہاتھی کی آزادی کیلئے امریکی گلوکار عدالتی جنگ لڑ رہی ہیں اور اس کی مرغزار چڑیا گھر سے رہائی کیلئے کوشاں تھیں۔ رپورٹ کے مطابق، امریکی گلوکارہ نے انٹرنیٹ پر اس ہاتھی کو تنہا، ایک چھوٹے پنجرے میں زنجیروں میں دیکھنے کے بعد یہ مہم شروع کی تھی۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ 33؍ سالہ ہاتھی کاوان کو آزاد کیا جائے اور ساتھ ہی وائلڈ لائف محکمے کے حکام کو ہدایت دی کہ 30؍ روز کے اندر سری لنکن حکام سے رابطہ کرکے ہاتھی کیلئے موزوں ٹھکانہ تلاش کیا جائے۔