کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود مشکلات بڑھ گئیں، انعم تنویر

May 27, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیلی ویژن کی مقبول اداکارہ انعم تنویر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنا بھی اُن کے لیے ایک سزا بن گیا ہے جس کے بعد ان کی مشکلات کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہیں جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔گزشتہ ہفتےاداکار یاسر نواز، ان کی اہلیہ ندا یاسر، اداکارہ علیزے شاہ اور نوید رضا کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔یہ چاروں فن کار نجی چینل کے سیریل کی کاسٹ میں شامل ہیں جب کہ انعم تنویر بھی اسی کا حصہ ہیں۔اداکارہ انعم کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ اس کے باوجود ساتھی فن کاروں کے رویئے نے اُنہیں افسردہ کر دیا ہے۔ انعم تنویر نے فیس بک پر ایک تفصیلی نوٹ میں شوبز سے وابستہ افراد کو کہا ہے کہ لوگوں کے رویئے سے ماڈل کی زندگی ختم ہونے کا جو ڈر برقرار ہے، اس کی ذمہ داری کون لے گا؟ انعم کہتی ہیں کہ ایک طرف تو لاک ڈاؤن نے سب کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے تو دوسری جانب ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے جو بلاجواز ہے۔انعم تنویر کا کہنا ہے کہ کچھ ویب سائٹس نے ڈرامے کی کاسٹ کے حوالے سے جو خبریں پوسٹ کی ہیں ان کے ساتھ بغیر تصدیق کے ان کی بھی تصویر شائع کر دی ہے حالاں کہ تصویر صرف انہی فن کاروں کی شائع کی جانی چاہیے تھی جن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے یا تصویر کے ساتھ کیپشن میں یہ وضاحت ضرور ہونی چاہیے تھی کہ میرا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔انعم نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا لیکن اس کے باوجود بہت کم لوگوں کو اس پر یقین ہے۔ان کے بقول، میری سمجھ میں نہیں آ رہا کہ مجھ سے ٹیسٹ کی رپورٹ کیوں مانگی جا رہی ہے۔ ٹیسٹ رپورٹ کا معاملہ ذاتی نوعیت کا ہے۔ مجھے مناست نہیں لگتا کہ لوگ رپورٹ دیکھ کر مجھے فیشن شوٹ کے لیے بلائیں یا ڈرامے کی کاسٹ کا حصہ بنائیں۔انعم کا مزید کہنا ہے کہ ایک دو فیشن فوٹو گرافرز نے ان کے فیشن شوٹس منسوخ کر دیے ہیں۔ وہ دعا گو ہیں کہ جس اذیت سے وہ گزر رہی ہیں کسی اور کو اس کا سامنا نہ کرنا پڑے۔