اپوزیشن نے کورونا کے باوجود یکجہتی تباہ کرنے کی کوشش کی: بزدار

May 27, 2020

پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا وائرس کے باوجود قومی یکجہتی تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر زمینی حقائق سے لاعلم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ بھی روکنا ہے اور لوگوں کو غربت اور بھوک سے بھی بچانا ہے، عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جامع حکمتِ عملی اپنائی ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے وقت ضائع کیے بغیر مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے۔

یہ بھی پڑھیئے: حکومت ذمے داری نبھا رہی ہے، شہری احتیاط کریں، بزدار

انہوں نے مزید کہا کہ حزبِ اختلاف واویلا مچاتی رہی اور عوام کے لیے اس نے کچھ بھی نہیں کیا، جبکہ تحریکِ انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔

پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن جان لے کہ یہ اہم وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں، اتحاد کا ہے۔