طیارہ حادثے کے شہید سینئر بیوروکریٹ خالد شیر دل سپردِ خاک

May 28, 2020


کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے میں شہید سینئر بیوروکریٹ خالد شیر دل کو ان کے آبائی قبرستان بہار شاہ میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے، مرحوم کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا کی گئی۔

21 ویں گریڈ کے سینئر بیورو کریٹ خالد شیر دل کی میت گزشتہ روز کراچی سے اسلام آباد اور وہاں سے بذریعہ سڑک لاہور لائی گئی۔

میت جی او آر میں واقع خالد شیر دل کی سرکاری رہائش گاہ لائی گئی، نمازِ جنازہ جی او آر کے سول آفیسرز میس میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیرِ قانون راجہ بشارت اور وزیرِ صنعت میاں اسلم اقبال سمیت سیاسی، سماجی شخصیات اور افسران کی بڑی تعداد شریک تھی۔

واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: سول سروس کا شیر دل

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔