متحدہ عرب امارات میں پھنسے 258 پاکستانی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے

May 29, 2020

متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی ہفتوں سے پھنسے پاکستانیوں میں سے 258 مسافر پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پاکستان کی قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز پی کے 8208 جمعہ کو دبئی سے کراچی پہنچی۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جناح ٹرمینل پر تمام مسافروں کی سندھ حکومت کے محکمہ صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بنائی گئی ٹیموں نے تھرمل کیمروں کے ذریعے اسکریننگ کی۔

مسافروں کا کورونا وائرس کے حوالے سے طبی معائنہ بھی کیا گیا۔ تمام مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے سیمپل لے گئے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی رپورٹ آنے تک تمام مسافروں کو نادرن بائی پاس پر لیبر فلیٹس کے سرکاری قرنطینہ سینٹر میں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

قیام و طعام کے اخراجات برداشت کرنے والے مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ اور شارع فیصل کے عارضی ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔