اتوار بازار کھول دیا گیا‘ میئر اسلام آباد کی احتیاطی تدابیر کی ہدایت

May 30, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) اتوار بازار کو کھول دیا گیا ہے‘ جب تک حکومت کی طرف سے کوئی نیا آرڈر نہیں آتا بازار کھلا رہے گا، دکاندار کورونا وائرس سے بچائو کیلئے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اتوار بازار کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر ای ڈی بازار ملک مظہر سعید، چیف انسپکٹر حیدر امام اور میڈیا کوآرڈنیٹر سید محسن شیرازی بھی انکے ہمراہ تھے۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ کنٹرول ریٹ پر اشیائے صرف کی فراہمی اور غریب عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اتوار بازار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے‘ بازار کے12 گیٹس پر سینیٹائزر گیٹس ایم سی آئی کی طرف سے لگا دیئے گئے ہیں تاکہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کر کے کورونا وائرس سے بچائو ممکن ہو سکے‘ وہاں سے بغیر ماسک اینٹری نہیں ہو گی۔ دکانوں سے فاصلے کا خیال رکھا جائیگا۔ بازار میں پرائس کنٹرول کا سسٹم موجود ہے، انتظامیہ اس عمل کو بھی یقینی بناتی یے کہ ریٹس مناسب ہوں۔ میئر نے کہا کہ میرے آنے کا یہی مقصد ہے کہ ریٹس اور رش کو چیک کروں‘ شیخ انصر عزیز نے تاجروں کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کیا جائے۔ میئر نے کہا کہ ایم سی آئی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اگاہی مہم‘ کلورین واش اور سپرے بھی شہر بھر میں جاری رکھا ہوا ہے۔ ایم سی آئی عملہ اس وائرس سے بچائو کیلئے دن رات کام کرتا رہاہے۔ ضرورت پڑنے پر عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی جاتی رہی ہیں۔