ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی کمی کا سامنا ہے، پی ڈی اے

May 30, 2020

پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) کے صدر ڈاکٹر فضل منان نے کہا ہے کہ نجی اور سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی کمی کا سامنا ہے، ڈاکٹرز کئی دنوں تک ایک حفاظتی ماسک استعمال کرتے ہیں۔

ڈاکٹر فضل منان نے کہا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے ڈاکٹر خانزادہ ضلع ہنگو کے نجی اسپتال میں معمول کے مریضوں کا چیک اپ کرتے تھے، ڈاکٹر خانزادہ مریضوں کے چیک آپ کے دوران ہی کورونا سے متاثر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے، یاسمین راشد

انہوں نے کہا کہ مریض کو معمول کا بخار ہے یا کورونا سے متاثر، ڈاکٹرز کو کچھ علم نہیں ہوتا۔

ڈاکٹر فضل منان کا کہنا تھا کہ ہنگو جیسے ضلع میں بھی ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی سامان کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔

پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت بروقت حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بناتی تو آج ڈاکٹرز کی اموات واقع نہ ہوتیں۔