• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے، یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا عالمی وبا کورونا سے متعلق کہنا ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران صوبہ پنجاب میں کورونا سے متعلق صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا علاج کے لیے اسپتالوں میں موجود طبی سہولتوں سے متعلق ایپ تیار کر لی گئی ہے، ایپ کی مدد سے متاثرہ مریض کو جلد سے جلد قریبی اسپتال لے جایا جا سکے گا، کورونا مریض کو گھر سے لے جانے کے لیے ریسکیو 1122 کی گاڑی بلائی جائے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا علاج کے لیے دستیاب سہولتوں سے متعلق تمام معلومات شیئر کر رہے ہیں اور کورونا کی روک تھام کے لیے مکمل اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط معلومات آ رہی ہیں، اس قت ہمارے پاس 27 ہزار بیڈز موجود ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سپلائز ہیلتھ کیئر کے 46 اسپتال ہیں جس میں 27 ہزار 13 بیڈ موجود ہیں، پورے پنجاب میں سپلائر ہیلتھ کیئر اسپتالوں میں 64 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، صرف لاہور کے ڈیٹا کو کنٹرول کرنے کے لیے میو اسپتال میں ایک مخصوص کنٹرول روم بنا دیا ہے۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں 142 اسپتالوں میں 14 ہزار 82 بیڈز موجود ہیں ، ان اسپتالوں میں 79 وینٹی لیٹرز ہیں جس میں سے 8 پر مریض موجود ہیں، پنجاب میں سرکاری اور نجی اسپتالوں میں 763 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جس میں سے 668 ابھی خالی پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزارت صحت کی ویب سائٹ پر کورونا سے متعلق تمام تفصیلات موجودہیں، آئندہ پیر سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ ہی زندہ رہنا ہے، لوگوں میں شعور پیدا کرنے کے لیے حفاظتی تدابیر بتائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا جیسے ملک میں بھی لوگ روٹی کھانے کے لیے لائنوں میں کھڑے ہیں ، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ہمارے ہاں غریب آدمی کو روٹی مل رہی ہے، دنیا بھر میں کورونا علاج کے لیے دوا تیار کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ۔

تازہ ترین