ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کی خدمات کادائرہ کاربڑھانےکافیصلہ

June 01, 2020

لاہور(خصوصی نمائندہ) صوبے میں ٹائیگر فورس کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا، پنجاب میں ساڑھے چھ لاکھ سے زائد ٹائیگر فورس کے رضا کار احساس امداد پروگرام، قرنطینہ سینٹرز، فیلڈ ہسپتالوں، مساجد اور دیگر مقامات پر کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمداورپرائس کنٹرول کے حوالے سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور انکی کارکردگی کے حوصلہ افزاء نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے چیف سیکرٹری کیمپ آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ عثمان دار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے عوام اور انتظامیہ کے مابین رابطہ مضبوط کرنے میں مدد ملی ہے اور اسی لئے رضاکاروں کی خدمات کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے افسران کو ہدایات کی کہ ٹائیگر فورس کار آمد ہیومن ریسورس ہے، انکی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رضاکاروں کو آئندہ ماہ شروع ہونے والی شجرکاری، انسداد ڈینگی اور پولیو مہم کے دوران بھی فرائض تفویض کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات، ٹڈی دل کی سرویلنس، ٹریفک وارڈنز کی مدد اور دیگر امور میں انتظامیہ کی معاونت کیلئے بھی ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کیا جاسکے گا۔