لاک ڈاؤن: محکمہ داخلہ کا نیا حکم نامہ جاری، 30 جون تک نافذ العمل ہوگا

June 01, 2020

محکمہ داخلہ سندھ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سےپیر کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مطابق تعلیمی ادارے، شادی ہالز، بزنس سینٹر اور ایکسپو ہالز تاحکم ثانی بند رہیں گے، تمام کھیلوں کی سرگرمیاں، جم، کلبس بند رہیں گے۔

کراچی سے جاری ہونے والے صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کھیلوں کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی۔

اسی طرح ریسٹورنٹ، کیفے بند رہیں گے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی، تفریحی مقامات اور پارکس بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بیوٹی پارلر، سیلون، سینما اور تھیٹر بھی بند رہیں گے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر قسم کے اجتماعات پر تاحکم پابندی ہوگی۔ اشیاء ضروریات کے علاوہ تمام مارکیٹ ہفتے میں پانچ روزکھلیں گی، کاروبار کے اوقات کار صبح چھ سے شام سات بجے تک ہونگے۔

محکمہ داخلہ سندھ کا یہ حکم نامہ 30 جون تک نافذ العمل ہوگا۔