مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کا خونی آپریشن، 13 نوجوان شہید

June 02, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں 13 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پونچھ سیکٹر کے علاقے میندھار اور دیگر دیہات میں قابض فورسز کے پرتشدد آپریشن کے دوران 10 نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ قابض فورسز نے پونچھ ضلع میں 28 مئی کو فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ بھارتی فوجی افسر نے میڈیا کو بتایا کہ پونچھ سیکٹر کے دیہات میں تاحال سرچ آپریشن جاری ہے۔ قبل ازیں قابض فورسز نے راجوڑی ڈسٹرکٹ کے علاقے نوشہرہ میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اس طرح صرف پیر کے روز بھارتی دہشتگردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی بھونڈی کوشش کی۔ علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شاہراہ بلاک کر شدید احتجاج کیا اور لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ نوجوان نہتے اور معصوم تھے جنہیں جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔