قومی وطن پارٹی عوام کی امیدوں کا محور بن گئی ،انیسہ زیب

June 02, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی)قومی وطن پارٹی کی مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر اطلاعات انیسہ زیب طاہر خیلی اور مرکزی سینئر وائس چیئرمین و سابق سینیٹر حاجی غفران خان نے پیپلز پارٹی کی ممتاز رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی فائزہ رشید کی اپنے گروپ اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت پی ٹی آئی، اے این پی اور پیپلز پارٹی کے درجنوں رہنمائوں اور ہزاروں کارکنوں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت سے واضح ہو گیا ہے کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے دلیرانہ جدوجہد سے قومی وطن پارٹی عوام کی امیدوں کا محور بن گئی ہے۔ عوام کی نظریں قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی طرف لگی ہوئی ہے۔عوام نوجوانوں اور طلبا نے قومی وطن پارٹی کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔انیسہ زیب طاہر خیلی اور حاجی غفران خان نے کہا کہ تبدیلی سرکار کی طرف سے تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کر دیا گیا ہے جبکہ بار بار مہنگائی کے بم گرا کر عوام کو زندہ درگور کر دیا گیا ہے عوام دشمن پالیسیوں سے حکمرانوں کے خلاف نفرت بڑھتی جا رہی ہے۔