پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریض لاہور اور پنڈی میں ہیں، وزیرصحت پنجاب

June 03, 2020

پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریض لاہور اور پنڈی میں ہیں، وزیرصحت پنجاب

لاہور(نمائندہ جنگ) صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 2لاکھ 45ہزار 544تشخیصی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق لاہور اور پنڈی سے ہے جن کی تعداد 12ہزار 878ہے۔ راولپنڈی میں 2ہزار225، گوجرانوالہ میں 1435، ملتان میں 1220اورفیصل آباد میں 1662کنفرم مریض موجود ہیں۔ صوبہ پنجاب نے ملک بھر میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کی ہے جس میں 90ہزار 871افراد شامل ہیں۔ کنٹیکٹ ٹریسنگ کے نتیجہ میں کورونا وائرس کے مزید4ہزار 887مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری اجمل بھٹی اور سی ای او میوہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسداسلم خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹریاسمین راشد نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کا عمل جاری ہے۔ کنٹیکٹ ٹریسنگ کے ذریعے کورونا وائرس کے مزید مریضوں کی تعداد میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے وسائل بارے غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کے 119، راولپنڈی میں 113، فیصل آباد میں 16اور مظفر گڑھ میں 3مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔