سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ؛وسیم اکرم

June 03, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنی 54 ویں سالگرہ کے موقع پر تمام چاہنے والوں کی جانب سے بھیجے گئے سالگرہ کے پیغامات کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق باؤلر نے مداحوں کیلئے پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سال کاچوتھائی حصہ قرنطینہ میں گزارا۔

انہوں نے ازراہِ مذاق لکھا کہ اس حساب سے میرے خیال سے اس سال برتھ ڈے کو گننا ٹھیک نہیں ہوگا، تو میں نے مزید ایک سال اپنی عمر 53 سال رکھنے کا ہی فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی مد نظر رکھا اور ہیش ٹیگ ’گھر پر رہیں، محفوظ رہیں‘ کا استعمال بھی کیا۔

وسیم اکرم کے اس ٹوئٹ کے جواب میں اداکار ہمایوں سعید نے بھی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

میزبان و اداکار فخر عالم نے بھی اپنے ساتھ وسیم اکرم کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کیلئے سالگرہ کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل وسیم اکرم کی اہلیہ نے بھی ایک سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے وسیم اکرم کو سالگرہ کی مبارکباد دی تھی۔