قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا نےاپنے شوہر کی 54ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شنیر انے اپنے شوہر وسیم اکرم کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔
شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’میں نے غیر متوقع مستقبل کے لیے اپنا شیڈول بنالیا ہے کہ میں نہ تو اپنے دوستوں سے ملوں گی، نہ بیوٹی سیلون جاؤں گی اور نہ ہی بلا ضرورت گھر سے باہر نکلوں گی۔‘
وسیم اکرم کی اہلیہ نے لکھا کہ ’اِس خوشی کے موقع پر میں اپنی تمام معاشرتی سرگرمیاں ترک کرکے اپنے شوہر کے ساتھ ایک معیاری وقت گُزاروں گی۔‘
شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ QuarantineBday بھی استعمال کیا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی طرف سے بھی لیجنڈری کھلاڑی وسیم اکرم کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے اور اُس کے ساتھ ہی اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وسیم اکرم 3 جون 1966ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے تعلیم مکمل کی، وہ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنیوالے دنیا کے بہترین باؤلر مانے جاتے ہیں۔
کرکٹ میں اچانک انٹری دینے والے وسیم اکرم کا کیریئر کا آغاز دبنگ رہا، 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹس حاصل کیں، انہوں نے کُل 356 ون ڈے کھیلےجس میں انہوں نے 502 شکار کئے۔
وسیم اکرم ون ڈے کرکٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں ۔وہ ورلڈکپ 2003 میں وکٹوں کی پانچویں سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بنے، 1992 کے ورلڈکپ فائنل میں وسیم اکرم ہی کی باؤلنگ کی بدولت پاکستان ٹائٹل اپنے نام کروا سکا۔
ورلڈکپ 2003 میں 4 مارچ کو بارش کی نذر ہونے والے میچ کے بعد کرکٹ کی دنیا میں 19برس تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد وہ ریٹائرڈ ہو گئے۔