کراچی میں گرد آلود تیز ہوائیں چل پڑیں

June 03, 2020

کراچی میں گرد آلود تیز ہوائیں چل پڑیں

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چل پڑیں، مٹی اور دھول فضا میں چھا جانے سے حد نگاہ بھی کم ہوگئی ہے۔

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ، نارتھ کراچی، صدر اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چل پڑیں۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے گزر رہا ہے، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے شمالی حصے میں تھنڈر اسٹارم سیلز بن گئے ہیں، ہوائیں 54 سے 74 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مزید ایک گھنٹہ آندھی چل سکتی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سفاری پارک کے قریب ایک درخت گاڑی پر گر گیا جس میں موجود افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

علاوہ ازیں سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں آندھی کے باعث دکانوں کے چھجے اور چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

طوفانی ہواؤں کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

ملیر ہالٹ، معین آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی، ماڈل کالونی، کھوکھراپار اور گلستانِ جوہر کے مختلف بلاکس میں بھی بجلی کی فراہمی معطل کی گئی ہے۔

گلشن اقبال، ڈیفنس ویو، محمود آباد، قیوم آباد، کھارادر، نیا آباد، لیاری، نارتھ کراچی کی بھی بجلی بند کردی گئی۔