گندم اور آٹے کا مسئلہ پنجاب کےساتھ اٹھایا جارہا ہے، اجمل وزیر

June 05, 2020

خیبرپختونخوا کی کابینہ نے پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر مسلسل پابندی آئین کے منافی قرار دی ہے۔ مشیر اطلاعات کے پی اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ گندم اور آٹے کا مسئلہ پنجاب کے ساتھ اٹھایا جارہا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ گذشتہ روز صوبائی کابینہ اجلاس میں گندم اور آٹے کے مسئلے پر گفتگو ہوئی، جبکہ آٹے اور گندم کا مسئلہ قومی رابطہ کمیٹی میں بھی اٹھایا گیا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلے کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ کابینہ نے پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر مسلسل پابندی آئین کے منافی قرار دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ اس مسئلے کو حل کریں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پاپندی کی مذمت کی ہے۔

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس پر عمل درآمد ہوگا جبکہ ذخیرہ شدہ مال کی اطلاع دینے والے کو 10 فیصد حصہ دیا جائے گا۔