سندھ، پنجاب کے مختلف اضلاع میں رات گئے موسلادھار بارش

June 06, 2020


سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار کر دیا تاہم بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

گھوٹکی، سکھر، اوباڑو، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی اور عمر کوٹ میں رات گئے تیز آندھی کے بعد گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش ہوتے ہی ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس کے سبب رات بھر شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا، تاہم بارش اور آندھی کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

سیپکو ترجمان کے مطابق بارش کے باعث سکھر میں 115 فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں سکھر ، کندھ کوٹ، شکارپور، شہداد کوٹ،جیکب آباد،گھوٹکی،اوباڑو ، خیرپور ، پنوعاقل اور روہڑی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سیپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام جاری ہے مرحلہ وار بجلی کے فیڈر بحال کئے جارہے ہیں، جلد تمام متاثرہ فیڈر بحال کردیئے جائیں گے۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی شکر گڑھ ، سیالکوٹ پسرور سمیت دیگر علاقوں میں رات گئے شدید بارش ہوئی ہے۔