عمران خان نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا

June 07, 2020

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل ( پیر کو ) طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ مالی سال 2020- 21 کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جائیگی ۔ ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اراکین کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ ، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزراء اجلاس میں شرکت کرینگے ۔ اجلاس میں سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کے تجویز کئے گئے ترقیاتی فریم ورک اور میکرواکنامک اعشاریوں کی منظوری دی جائیگی اس کے ساتھ ساتھ وفاق اور صوبوں کیلئے ترقیاتی پروگرام کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 1500 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا جس میں 9 سو ارب سے زائد صوبوں کو ملیں گے۔