فواد خان 100 خوبصورت چہروں کے مقابلے میں شامل

June 08, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے خوبرو اور پرکشش اداکار فواد خان کو 2020 کے خوبصورت چہروں کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ٹی سی کینڈلر کی جانب سے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اُن تمام اُمیدواروں کی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں جن کا نام 2020 کے انتہائی خوبصورت چہروں کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ٹی سی کینڈلر کی طرف سے کی جانے والی پوسٹ میں ایک تصویر فواد خان کی بھی ہے جنہیں 2020 کےخوبصورت چہروں کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔


2020 کے خوبصورت چہروں کے اُمیدواروں میں کینیڈین اداکار کيانو ريفز، انگلش اداکار ڈینیل ریڈکلف، امریکی اداکار جیسن موموا، بھارتی اداکار سدھارتھ ملہوترا اورانگلش گلوکار زین ملک بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب فواد خان کی جانب سے ابھی تک اِس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ فواد خان نے اِس سے قبل بھی بہت سے اعزازات اپنے نام کیے ہیں ، 2015 میں فواد خان کو ایسٹرن آئی کے ذریعہ کروائے گئے سروے میں ٹاپ 10 متاثر کن ایشین مردوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جبکہ اداکار کو 2017 اور 2018 میں بھی خوبصورت چہروں کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 2019ء کے خوبصورت چہروں میں عمران عباس شامل ہوئے تھے، عمران عباس مذکورہ فہرست میں 66ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے، عمران عباس واحد پاکستانی اداکار تھے جنہوں نے حتمی فہرست میں جگہ بنائی تھی۔