آنے والے دنوں میں ٹڈی دل کا زیادہ خطرہ ہے، اقدامات کررہے ہیں، فخر امام

June 26, 2020

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی فخر امام نے کہا ہے کہ جولائی میں افریقہ، ایران، عمان، افغانستان اور بھارت سے ٹڈی دل پاکستان آسکتا ہے، آنے والے دنوں میں ٹڈی دل کا زیادہ خطرہ ہے، ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر فخر امام نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل نے ملک کے مختلف حصوں کو نشانہ بنایا، اس کے خلاف چین نے ہماری مدد کی، ٹڈی دل پر اسپرے کیلئے این ڈی ایم اے نے 11 جہازوں کا آرڈر دیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اداروں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی اداروں سے بھی رابطے میں ہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک آرمی کے 5 ہیلی کاپٹر استعمال ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انسداد ٹڈی دل کیلئے سروے ضروری ہے، اس کیلئے خاص قسم کے جہازاستعمال ہوتے ہیں، این ایل سی سی کے ساتھ انسداد ٹڈی دل کیلئے مشترکا کاوش کی جا رہی ہے، پاکستان میں ٹڈی دل ایک نئی راہداری سے افغانستان سے ڈی آئی خان اور وزیرستان میں داخل ہورہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مائیکرون اسپیئرز بھی استعمال کیے جا رہے ہیں، 20 مائیکرون اسپیئرز برطانیہ اور ایف اے او کی طرف سے دیے گئے، ہماری وزارت 100 حشریات دان بھرتی کر رہی ہے۔