جنگ ،جیو کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری کیخلاف احتجاج

June 28, 2020

جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف لاہور، پشاور، کوئٹہ، شکرگڑھ اور نوابشاہ میں احتجاج کیا گیا۔

لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ میں جنگ، جیو اور دی نیوز کے کارکنوں نے شرکت کی اور کہاکہ میرشکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سینئیر صحافی مقصود بٹ، تجمل گرمانی، ریاض کچھی سمیت دیگر صحافیوں کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ پراپرٹی کے 34 سال پرانے معاملے میں میر شکیل الرحمان کی گرفتاری سراسر ظلم ہے۔

پشاور میں مظاہرہ جنگ جیو کے دفاتر کے باہر کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافتی تاریخ حکومتی مظالم سے بھری پڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جنگ اور جیو عوام کی آواز ہیں، اس آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، میرشکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

کوئٹہ میں جنگ بلڈنگ کے باہر مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں روزنامہ جنگ وجیونیوز کے کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے میرشکیل الرحمٰن کی فوری رہا ئی کا مطالبہ کیا۔

شکرگڑھ میں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی رانا منان نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت اور کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صحافتی ادارے کیساتھ زیادتی کی جا رہی ہے، موجودہ حکومت صحافت کے ساتھ جو کررہی ہے ایسا کسی ملک میں نہیں ہوتا ہے۔

نواب شاہ میں تاجروں نے موہنی بازار میں احتجاج کیا، تاجر رہنما احمد رضا نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی باعزت رہائی تک صحافیوں کے ساتھ تاجر بھی احتجاج جاری رکھیں گے۔