کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں ڈاکٹروں اور اسپتالوں نے کیا سیکھا !

June 30, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) گزشتہ 6؍ ماہ کے دوران جب سے کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلنا شروع ہوا ہے، ڈاکٹروں اور اسپتالوں نے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کئی نئی چیزیں سیکھ لی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے رپورٹ کے مطابق، کورونا سے لڑنے کے معاملے میں ڈاکٹروں نے سیکھا ہے کہ مریضوں میں خون جمنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا خون کو پتلا کرنے والی دوائیں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، سانس لینے میں مشکلات کی شکایت کرنے والے مریضوں کو سجدے کی حالت میں پیٹ کے بل بٹھایا جاتا ہے تاکہ ان کے پھیپھڑوں پر دبائو کم ہو سکے اور جب تک وینٹی لیٹر دستیاب نہ ہو تب تک انہیں اس پوزیشن میں رکھا جائے۔ پھیپھڑوں اور سانس کی نالی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ کورونا وائرس دل، جگر، گردوں اور دماغ کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ڈاکٹروں کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف Remdesivir، ڈیکسا میتھازون جیسی دوائیں کارگر ثابت ہوتی ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کا پلازمہ بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔