نیب اکرم درانی کو غیرقانونی ہراساں نہ کرے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست ضمانت نمٹا دی

June 30, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق وفاقی وزیر اکرم درانی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست میں نیب کی طرف سے وارنٹ گرفتاری واپس لینے پر درخواست ضمانت کو ہدایات کی ساتھ نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ نیب غیر قانونی طور پر درخواست گزار کو ہراساں نہ کرے۔ پیر کو سماعت کے دوران جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ کیا نیب درخواست گزار کو وارنٹ گرفتاری جاری ہونے سے پہلے کال اپ نوٹس جاری کرتا ہے؟ اس پر نیب پراسکیوٹرنے کہاکہ جی، اس پر جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ وارنٹ آف اریسٹ واپس لینے کے بعد نیب نے درخواست گزار کو کوئی کال اپ نوٹس دیا ہے؟ جس کا نیب پراسکیوٹر نے نفی میں جواب دیا، جس پر جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ جب ضرورت ہو تو نیب قانون کے مطابق کال آپ نوٹس جاری کرے، عدالت نے ان ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔