PSX حملے کے 2 سیکیورٹی گارڈز کی تدفین

June 30, 2020

کراچی میں اسٹاک ایکسچینج حملے کے ہیروز سیکیورٹی گارڈز کی تدفین کردی گئی، دیر کے رہنے والے افتخار وحید اور خدایار کو کراچی میں ہی سپرد خاک کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی کمپنی حکام کے مطابق دونوں سیکیورٹی گارڈز کے خاندان کے افراد نے کراچی میں ہی تدفین پر اتفاق کیا، خدایار کو عابد آباد اور افتخار وحید کو مومن آباد قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

نماز جنازہ و تدفین میں کمپنی کے اعلیٰ حکام اور ساتھی ورکرز نے شرکت کی، کوئی حکومتی یا سرکاری شخصیت شہداء کی نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ دونوں سیکیورٹی گارڈز اسٹاک ایکسچینج پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہوئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے افتخار وحید کو ایک اور خدایارکو 6 گولیاں لگی۔

سی او او کمپنی کے مطابق دونوں شہدا ءکو کمپنی کی طرف سے 10/10 لاکھ دیے جارہے ہیں جبکہ حملے میں زخمی گارڈز کا علاج بھی کمپنی کرا رہی ہے۔