سید منور حسن تحریکِ آزادی کشمیر کے پشتیبان تھے،مفتی عبدالمجید ند یم

July 01, 2020

بر منگھم( پ ر) سید منور حسن تحریکِ آزادی کشمیر کے عظیم پشتیبان تھے۔کشمیر کی پوری ملت انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ۔اُن کی جرأت و بہادری نے کشمیریوں کو اپنے مؤقف پر ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ۔کشمیر کا بچہ بچہ ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔ان خیالا ت کا اظہار مفتی عبدالمجید ند یم نائب صدر تحریک کشمیر بر طانیہ نے کیا ۔ انہوں نے کہا سید منور حسن ایک ایسے رہنما تھے جو ہر طرح کی غلامی سے شدید نفرت کرتے تھے ۔چا ہے وہ افراد کی غلامی ہو یا نظام کی غلامی،ان کی شخصیت میں حریت و پامردی کے وہ اوصاف تھے جو انہیں مسلسل جدوجہد پر آمادہ رکھتے تھے ۔یہی وجہ تھی کہ انہوں نے امریکہ کے عالمِ اسلام پر ہونے والے حملوں کی اس وقت مذمت کی جب بڑے بڑے بہادروں کی زبانوں پر تالے لگے ہوئے تھے ۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں عوام الناس کو آگاہ کیا کہ پاکستان ایک پرائی جنگ میں ملوث ہوچکا ہے جس کا نقصان صرف اور صرف پاکستانیوں کو ہوگا ۔ انہوں نے امریکنوں پر بھی واضح کر دیا تھا کہ ایک دن ضرور آئے گا جب وہ افغانستان سے پسپا ہو کر نکلیں گے ۔ وقت نے ان کے ایک ایک لفظ کو سچ ثابت کر دیا۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے مزید کہا کہ ضروت اس امر کی ہے کہ قحط الرجال کے اس دور میں سید منور حسن کی امانت و دیانت، شجاعت و بہادری اورللٰھیت و فدویت کو اپنایا جائے تاکہ معاشرے سے ظلم، بے انصافی اور حقوقِ انسانی کی پامالی کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے سید منور حسن کی مغفرت اور بلندی درجات اور لواحقین کے صبرِ جمیل کی دعا کی۔