6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی، تمام کرکٹرز انگلینڈ جانے کیلئے تیار

July 01, 2020

6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی، تمام کرکٹرز انگلینڈ جانے کیلئے تیار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد تمام کرکٹرز انگلینڈ جانے کے لئے تیار ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض کے 3روز میں کوویڈ19 کے 2 ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔ لہٰذا یہ تمام کھلاڑی اب وورسٹر میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے اہل ہیں۔ان کھلاڑیوں کی ری ٹیسٹنگ 29 جون کو ہوئی تھی۔ اس سے قبل 26 جون کو ہونے والی ٹیسٹنگ میں بھی ان 6 کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آئے تھے۔پی سی بی اب ان کھلاڑیوں کے سفر کے انتظامات کا آغاز کررہا ہے اور اس حوالے سے روانگی کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔قبل ازیں 10 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے تھے ان میں سے فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ تاہم حیدر علی، حارث رؤف ، کاشف بھٹی اور عمران خان کے ٹیسٹ دوسری مرتبہ بھی مثبت آئے تھے۔تینوں بدستور آئسولیشن میں ہیں۔خیال رہے کہ پہلے مرحلہ میں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے والے محمد حفیظ نے ایک نجی لیب سے اگلے ہی روز اپنا ٹیسٹ کروا لیا تھا جو منفی آیا تھا۔دس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد روحیل نذیر اور محمد موسیٰ انگلینڈ میں ہیں۔اس سے قبل انگلش کرکٹ بورڈ نے مثبت ٹیسٹ آنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ کا سفر کرنے سے روک دیاتھا اور دو ٹیسٹ منفی آنے کی شرط رکھی تھی۔انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جن پاکستانی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کر سکتے۔