امریکا: 1 روز میں 51 ہزار کورونا کیسز

July 02, 2020


امریکا میں ایک ہی روز میں 51 ہزار کورونا کیسز سامنے آ گئے، کورونا وائرس کی وباء پھر تیزی سے پھیلنے کے سبب نیویارک شہر اور مشی گن میں ریستوران اور بار بند کرنا پڑ گئے۔

کیلی فورنیا کی 70 فیصد آبادی کو بھی پھر سے لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹیکساس اور فلوریڈا میں کورونا ٹیسٹنگ ہوئی تو گاڑیوں کی میلوں تک قطاریں لگ گئیں۔

ریاستِ پنسلوینیا میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکی ریاست نیو یارک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 18 ہزار 605 تک جا پہنچی ہے جبکہ 32 ہزار 143 کورونا مریض موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔

کیلی فورنیا کورونا کیسز کی تعداد کے حوالے سے دوسری ریاست ہے جہاں 2 لاکھ 38 ہزار 391 کورونا وائرس کے مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ 6 ہزار 164 افراد اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

ریاست نیو جرسی کورونا وائرس سے اموت کے لحاظ سے دوسرے اور کیسز کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے جہاں 15 ہزار 218 کورونا مریض اب تک اپنی جان گنوا چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 77 ہزار 238 کورونا کیسز اب تک رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا کیسز 217809، اموات 4473

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 30 ہزار 798 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 79 ہزار 953 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 14 لاکھ 84 ہزار 475 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 898 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 64 ہزار 680 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 8 لاکھ 5 ہزار 108 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 18 ہزار 968 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 42 لاکھ 57 ہزار 841 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 959 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 60 لاکھ 28 ہزار 299 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔