منشیات کے دو ملزموں کو سزا، استغاثہ کی ناقص تفتیش پر تیسرا بری

July 03, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے بیرون ملک منشیات سمگل کرنے پر گرفتار دو ملزمان کو سزا تیسرے کیس کے ملزم کو استغاثہ کی نااہلی پر بری کر دیا۔ عدالت نے گزشتہ سال دو اگست کو دو کلو آئس ابو ظہبی لیجانے کی کوشش پر گرفتار ملزم اللہ یار کو 26ماہ قید تیس ہزار روپے جرمانہ اور گزشتہ سال 19جنوری کو 2700 گرام چرس قطر لیجانے پر پکڑے جانے والے ملزم قمر گل کو 27ماہ قید پچیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ گزشتہ سال 9اگست کو اڑھائی کلو منشیات سعودی عرب سمگل کرنے والے محمد افضال کو بری کر دیا گیا ،برآمدگی کے گواہ نعیم عباس کے مطابق جس بیگ سے منشیات برآمد ہوئی اس کا تالہ ملزم سے چابی لیکر کھولا گیا تھا جبکہ تفتیشی افسر فیضان خواجہ اور انسپکٹر محمد ثقلین کے مطابق بیگ کو تالہ لگا ہی نہیں تھا، عدالت نے کہا کہ اے این ایف کے اہلکاروں کی نااہلی، عدم دلچسپی اور ناقص تفتیش کی وجہ سے ملزم کو رہائی مل رہی ہے۔