راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کالونی اور ہاسٹلز میں پانی کی شدید قلت

July 04, 2020

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسروں، اسسٹنٹ پروفیسروں، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف کی کالونی اور 2فی میل ہاسٹلوں میں رہائش پذیر تربیتی عملہ پانی کی بوند بوند کو ترس گیا۔ اس کالونی اور ہاسٹلوں کیلئے واحد ٹیوب ویل ہر سال کی طرح اس سال بھی کام کرنا چھوڑ گیا۔ گٹر اور بوسیدہ سیوریج لائنیں بھی خراب ہونے کے باعث ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے جس پر رہائشیوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ متاثرہ افراد نے صحافیوں کو بتایا کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کالونی میں 500سے زائد گھروں اور دو ہاسٹلوں میں سینکڑوں زیر تربیت فی میل سٹاف رہائش پذیر ہے۔ 20دن سے ٹیوب ویل خراب ہونے سے انکی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ادہر وی سی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہو سکا جبکہ یہاں کام کرنے والے سب انجینئر اکرم ستی سے بھی رابطہ میں کامیابی نہ ہو سکی۔