بیلجیئم، صحافیوں کیخلاف نازیبا زبان کی شدید مذمت

July 04, 2020

پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے صدر چوہدری عمران ثاقب اور جنرل سیکریٹری ندیم بٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے سینئر صحافیوں کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے ۔

ایک مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے پاکستان کے پانچ بڑے صحافیوں مبشر زیدی، ضرار کھوڑو، وسعت اللّٰہ خان ، عمر چیمہ فخر درانی کے خلاف فیصل واوڈا کی زبان ایک وزیر کے منصب کے شایان شان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی بازاری زبان اور دھمکی آمیز رویہ بستہ الف کے بدمعاشوں کا ہوا کرتا ہے اور وزیر موصوف نے شرافت اور وقار کی تمام حدود کو پار کردیا ہے اس لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ان کے اس بیان کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل واوڈا کے خلاف تادیبی کارروائی کرنا چاہئے۔

اکثر مذکورہ وفاقی وزیر ٹی وی پروگرام میں اعتراف کرتے ہوئے پائے گئے ہیں کہ وہ بہت ’گرم‘ آدمی ہیں لیکن وزیراعظم کو یہ بات یاد رکھنا چاہئے کہ قیمتی سامان کے پاس رکھی ہوئی گرم اشیا اکثر شارٹ سرکٹ کا سبب بن جاتی ہیں جس سے سارا قیمتی سامان خاکستر ہو جاتا ہے ۔

پی پی سی بی کے ارکان نے وزیراعظم عمران خان کو مزید یاد دلایا کہ وہ اکثر بحرانوں کے لیے مافیا کو الزام دیتے ہیں لیکن کیا وہ اس پر بھی غور فرمائیں گے کہ ان کے اپنے ساتھی کس کس غیر ضروری بحران کو گھسیٹ کر اپنے گھر لے آتے ہیں جس کی صفائی وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز بھی نہیں دے پاتے اور وہ اس سے لاتعلقی کا اعلان کردیتے ہیں ۔