خیبرپختونخوا: 89 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم

July 04, 2020


خیبر پختون خوا کے 89 علاقوں سے اسمارٹ لاک ڈاؤن ہٹا دیا گیا ہے، صوبے میں پشاور اور نوشہرہ سمیت 20 اضلاع کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن ختم کیا گیا۔

خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پشاور کے 8 علاقوں سے اسمارٹ لاک ڈاؤن ہٹایا گیا ہے، جس کے بعد ان علاقوں میں کورونا کیسز میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔

مردان کے علاقوں سے 3 روز سے کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، نوشہرہ اور ہری پور میں لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کورونا کیسز میں 100 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

سوات میں لاک ڈاؤن کے علاقوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں 70 فیصد کمی آئی ہے، مانسہرہ میں لاک ڈاؤن والے علاقوں سے بھی کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیئے: مردان، کورونا سے ہلاکت کے بعد مکمل لاک ڈاؤن

فوکل پرسن محکمۂ صحت برائے کورونا ڈاکٹر افتخار الدین نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے علاقوں میں کورونا کیسز میں 80 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔