تتلی تیرے رنگ چُرانے آئی ہے...

July 12, 2020

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل فضّہ ہاشمی

ملبوسات:منوش برائیڈل کلیکشن

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آوٹ: نوید رشید

امجد اسلام امجد کی ایک نظم کے چند مصرعے ہیں؎’’خواب بھی ایک مسافر کی طرح ہوتے ہیں…چشم در چشم سدا اِن کو سفر میں رہنا …رنگ کی موج میں، خوشبو کے اثر میں رہنا…ان کی عادت ہی نہیں…ایک جگہ پر رُکنا…ان کی قسمت ہی نہیں…ایک نگر میں رہنا…ہم مگر خواب ہیں کچھ اور طرح کے، ہم کو…نہ کوئی شوقِ سفر ہے نہ تلاشِ خوشبو…تیری آنکھوں میں جلیں اور انہی میں بُجھ جائیں…چشم در چشم نہیں ہم کو سفر میں رہنا…ہم کو ہے تیری نظر میں رہنا۔‘‘تو منظورِ نظرکی نظروں میں رہنے کے لیے اگر آرایش وزیبایش کے بھی دِل کش انداز اپنا لیے جائیں، تو کیا ہی بات ہو۔سو، آج ہم نے اپنی بزم ایسے ہی کچھ حسین اور جدّت و ندرت سے بھرپور پیراہن سے مرصّع کی ہے ۔

ذرا دیکھیے، نیلے ایمبرائڈرڈ ٹراؤزرکے ساتھ تھریڈ ورک سے آراستہ فون رنگ کُرتی، ہاف کٹ سلیوز کے ساتھ کیسی پیاری لگ رہی ہے۔پھر آتشی گلابی رنگ ٹائٹس کے ساتھ میسوری فیبرک میںٹی پنک رنگ انگرکھا ہے، جس کے دامن اور آستینوں پر کڑھت کی جلوہ گری نمایاں ہے، تو سیاہ ٹائٹس اور ڈبل لئیر اسٹائلش سی ٹیل فراک کا بھی انداز جداگانہ ہے ۔فراک کا اِنر پلین سیاہ ہے، تو اَپر چیتا پرنٹ سے مرصّع،جو ہر دَور میں اِن رہا ہے ۔

ایک اورانداز میں فون رنگ ٹائٹس کے ساتھ پستئی، سُرمئی اورفون رنگوں کےحسین امتزاج میں اسٹائلش سی فراک ہے، جس کےگھیر اور آستینوں پر ڈبل فرل غضب ڈھا رہی ہے، تو لائٹ گولڈن بنارسی فلیپر اور سُرخ رنگ پیپلم کے، جس کےفرنٹ پرسلور ،گولڈن دبکے، موتی ،نگوں کابے حد حسین کام ہے، امتزاج کا بھی جواب نہیں ۔