شہباز گل بتائیں جہانگیر ترین کو بیرون ملک کس نے فرار کرایا؟، طلال چوہدری

July 06, 2020

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شہبازگل بتائیں جہانگیر ترین کو بیرون ملک کس نے فرار کرایا؟

یونیورسٹی والے جواب کاانتظارکررہے ہیں،ایسا ممکن نہیں کہ خواتین کو ہراساں کرنے کا ذکر آئے اورشہبازگل کا نام نہ آئے ، شہبازگل بتائیں کہ جہانگیر ترین کو جہاز پر بٹھا کر بیرون ملک کس نے فرار کرایا؟ اتوار کو وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہاکہ شہبازگل یونیورسٹی سے رابطہ کریں وہ ابھی تک ان کے جواب کا انتظار کررہے ہیں۔

عمران نیازی زندگی بھر اے ٹی ایمز سے جس رفتار سے پیسے لیتا رہا اسی رفتار سے ملک پر ریکارڈ قرض بڑھا یا، پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے تمام ادوار میں اتنا قرض نہیں لیا جو جھوٹے نیازی نے 18 ماہ میں لے لیا، چینی چور عمران مافیا نے 52 روپے سے چینی کی قیمت 92 روپے پر پہنچا دی۔

جھوٹے نیازی اور اس کے بدنام ترجمان آٹا، روٹی کی قیمت پتہ کریں،چینی چور مافیاجس نے چینی چوری کروائی ،کو عمران نیازی نے پرائیویٹ جیٹ پرلندن روانہ کردیا، دو سال میں جس طرح ڈاکو، چور ملک کو لوٹ رہے ہیں تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔