مالی سال کے آغاز سے ہی منصوبوں کو شروع کرنے کی روایت ڈال دی، جام کمال

July 06, 2020

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر، فنڈز کے ضیاع اور لیپس کے تدارک کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کرنے کی روایت ڈال دی ہے، جس سے ترقیاتی عمل کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ پائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی کے جائزہ اور رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی پر عملدرآمد کے آغاز سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں منصوبوں کے فنڈز کی منظوری اور اتھرائزیشن کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔ جبکہ نئے مالی ایکٹ کے مطابق محکموں کو آئندہ مالی سال کے لئے بھی نئے منصوبوں کے کانسیپٹ پیپر اور پی سی۔1 کی تیاری کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں منجمد اسکیموں کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکریٹری کی زیرصدارت ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری برائے ترقیات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گذشتہ مالی سال میں ساٹھ ارب روپے کی لاگت سے 1437 اسکیمیں مکمل کی گئیں، جبکہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں 2568 منصوبے شامل ہیں جن میں سے 934 نئے اور 1434جاری منصوبے ہیں۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔