کراچی: آج بھی بارش سے پہلے تیز ہوائیں چلنے کا امکان

July 07, 2020

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کراچی کے جنوب مشرق اور شمال مغرب کی جانب تھنڈر سیلز بن رہے ہیں، جس کی وجہ سے شہرِ قائد میں آج بارش سے پہلے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت اسی طرح برقرار رہی تو سسٹم مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 30 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں شمال مغرب سے ہوائیں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔

گزشتہ روز شہر میں ہونے والی مون سون کی پہلی بارش نے جل تھل ایک کر دیئے تھے، ایک گھنٹے میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دیواریں، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں خاتون اور بچی سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

گزشتہ روز تیز ہوا اور بارش کے باعث گرنے والے درخت تاحال سڑک پر پڑے ہیں، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اور سندھ سیکریٹریٹ کے قریب گرے ہوئے درختوں کو نہیں اٹھایا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بدترین بحران

کراچی، تیز ہوا، بارش، کرنٹ و دیگر حادثات میں 5 بچوں سمیت 9 جاں بحق

گرے ہوئے درختوں سے سیکریٹریٹ روڈ کا ایک ٹریک بند ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد مرکزی شاہراہوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے اور شہر میں کہیں پر ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہے۔

ٹریفک پولیس کے دعوے کے باوجود شہر میں کئی جگہوں پر بارش کا پانی اب بھی جمع ہے۔

نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی پر گزشتہ روز کی بارش کا پانی ابھی بھی موجود ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔