ہمیں جے آئی ٹی سے نہیں ڈرایا جاسکتا، آفاق احمد

July 07, 2020


مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیوایم) حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ ہمیں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) سے نہیں ڈرایا جاسکتا۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی، ذوالفقارمرزا سے ملاقات اُن کے وزیرداخلہ ہونے کی بنا پر ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آفاق احمد کو جے آئی ٹی سے نہیں ڈرایا جاسکتا، سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملے کا ازخود نوٹس لے۔

چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی سے اُن کی ساکھ متاثر کرنے کی سازش کی گئی ہے، اس جے آئی ٹی کی کوئی حیثیت نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم اس جے آئی ٹی سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور نا ہی اپنے اصولوں سے پیچھے ہٹیں گے۔

آفاق احمد نے یہ بھی کہا کہ کراچی اور سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے اس سے منہ نہیں موڑا جاسکتا۔